Sep ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۳:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان، اپوزیشن کے ہنگامے کے باوجود حکومت کے دو بل منظور

ہندوستانی پارلیمنٹ کےایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کی سخت مخالفت کے باوجود زراعتی اصلاحات سے متعلق دو بل پاس ہو گئے.

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتوار کو ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں زراعتی اصلاحات سے متعلق دوبل پاس ہوئے ۔ ایک بل کسانوں کی پیداوار، تجارت، فروغ اور سہل کاری دو ہزار بیس ہے اور دوسرا بل کسان تفویض اختیار و تحفظ، فصل کی قیمتوں کی یقین دہانی اور زراعتی خدمات معاہدے دو ہزار بیس ہے۔

دونوں بل حزب اختلاف کے زبردست ہنگاموں اور مخالفت کے درمیان صوتی ووٹوں سے پاس کئے گئے۔

یاد رہے کہ ایوان زیریں لوک سبھا میں یہ دونوں بل پہلے ہی پاس ہو چکے تھے۔ رپورٹوں کے مطابق ان دونوں بلوں کی منظوری کی کارروائی شروع ہوئی تو حزب اختلاف کانگریس پارٹی، عام آدمی پارٹی، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے اراکین نے اس کی سخت مخالفت کی اور نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آ گئے۔

اس دوران ترنمول کانگریس کے رکن ڈیرک ابرائن نے چیئر مین کی نشست کے سامنے کھڑے مارشل کے ہاتھ سے کچھ دستاویزات لے کر پھاڑ ڈالیں۔ حزب اختلاف کا مطالبہ تھا کہ دونوں بلوں کو سیلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے لیکن ان کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے صوتی ووٹوں سے دونوں بل پاس کر دئے گئے ۔

ٹیگس