Oct ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۸ Asia/Tehran
  • محبوبہ مفتی کے بیان پر زبردست ہنگامہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی سابق وزیراعلی کے بیان پرزبردست ہنگامہ ہوا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی  کے جھنڈے (ترنگے) والے بیان پر ہنگامہ مچ گیا ہے۔ محبوبہ کے اس بیان پر بی جے پی جارحانہ رخ اختیار کئے ہوئے ہے اور ان کے بیان کی مخالفت میں جہاں بی جے پی آج پیر کے روز سے سری نگر سے کپواڑہ تک ترنگا یاترا نکال رہی ہے، وہیں کپواڑہ میں بی جے پی کارکن سری نگر کے مشہور لال چوک پہنچے اور ترنگا لہرانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اس دوران بی جے پی کے 4 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

اس سے پہلے کل اتوار کو بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی کے کارکنوں نے قومی پرچم پر متنازعہ بیان کو لے کر محبوبہ مفتی کے خلاف جموں میں پی ڈی پی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا، اُس پر ترنگا لہرایا اور محبوبہ مفتی کے خلاف نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ اپنی رہائی کے بعد سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اعلان کیا تھا کہ میں جموں وکشمیر کے علاوہ دوسرا کوئی جھنڈا نہیں اٹھاؤں گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جس وقت ہمارا یہ جھنڈا واپس آئے گا، ہم اس (ترنگے) جھنڈے کو بھی اٹھا لیں گے، مگر جب تک ہمارا اپنا جھنڈا جسے ڈاکووں نے ڈاکے میں لے لیا ہے، تب تک ہم کسی اور جھنڈے کو ہاتھ میں نہیں اٹھائیں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ جھنڈا ہمارے آئین کا حصہ ہے، ہمارا جھنڈا تو یہ ہے، اس جھنڈے سے ہمارا رشتہ اس جھنڈے نے بنایا ہے۔

 

ٹیگس