Nov ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کورونا نے کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کی جان لے لی

ہندوستان میں کورونا سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنماوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ہندوستان میں کورونا نے کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کی جان لے لی۔ کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کا آج بدھ کی صبح ساڑھے تین بجے انتقال ہوگیا۔ انہیں گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔ علاج کے دوران ان کے بدن کےکئی اعضاء نے کام کرنا بند کردیا تھا۔

71 سالہ مسٹر پٹیل ایک مہینے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔انہیں 15 نومبر کو میدانتا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔

سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر رہے مسٹر پٹیل کی پیدائش 21 اگست 1949 کو گجرات میں بھروچ ضلع کے پیرامل گاؤں میں ہوئی تھی ۔اس وقت بھروچ کانگریس کا گڑھ ہوا کرتا تھا۔ وہ پہلی بار 1977 میں 26 سال کی عمر میں بھروچ سے لوک سبھا کا الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔  پارٹی میں رفتہ رفتہ ان  کی مقبولیت بڑھتی گئی اور 1985 میں اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی کے پارلیمانی سکریٹری بنائےگئے۔

مسٹر پٹیل  تین بار لوک سبھا رکن پارلیمنٹ بننے کے علاوہ پانچ بار راجیہ سبھا  کےرکن بھی رہ چکے تھے۔

در ایں اثناء ہندوستانی وزارت صحت کی آج  بدھ کے روز کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 44 ہزار376 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 92 لاکھ 22 ہزار216 ہوگئی ہے تاہم اس عرصے میں 37 ہزار 816 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 86 لاکھ 42 ہزار771 ہوگئی اور اسی عرصے میں مزید 481 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 699 ہوگئی ۔

ٹیگس