Nov ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی صورت حال

ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں چھے ہزار انہتر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چوالیس ہزار تین سو چھہتر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد بانوے لاکھ بائیس ہزار ہو گئی۔
اس عرصے میں کورونا کے مزید چار سو اکیاسی مریض جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ چونتیس ہزار چھے سو ننانوے ہوگئی۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد سینتس ہزار آٹھ سو سولہ ریکارڈ کی گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اسّی لاکھ چونسٹھ ہزار ہو گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد، قومی دارالحکومت دہلی میں، چھے ہزار دو سو چوبیس ریکارڈ کی گئی۔
اس رپورٹ کے مطابق دہلی کے بعد مہاراشٹر اور کیرالا کی ریاستیں، پانچ ہزار چار سو انتالیس اور پانچ ہزار چار سو بیس نئے کورونا مریضوں کے ساتھ بالترتیب، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد اڑتیس ہزار پانچ سو ایک اور کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد آٹھ ہزار چھے سو اکیس ہے۔ دہلی میں چار لاکھ ترانوے ہزار افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

 

ٹیگس