Dec ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۳ Asia/Tehran
  • آسٹریلیا کے ہاتھوں ہندوستان کی بری شکست

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں ہندوستان کی پوری ٹیم صرف چھتیس رن کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔

ایڈ یلیڈ میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں ہندوستان کو آسٹریلیا پر ترپن رن کی برتری حاصل تھی۔ ہندوستان نے دو سو چوالیس جب کہ اس کے جواب میں آ‎سٹریلیا کی ٹیم ایک سو اکیانوے رن بنا سکی تھی۔ لیکن سنیچر کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن دوسری اننگ میں ہندوستان کی پوری ٹیم ایک سو بائیس گیندوں پر صرف چھتیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
قابل ذکر ہے کہ کسی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں چھتیس رن کا اسکور، دنیا میں اب تک کا سب سے کم اسکور ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف اس سیزن کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں ہندوستان کی جانب سے میانک اگروال نے نو، ہنومان ویہاڑی نے آٹھ، کپتان ویراٹ کوہلی، وردھیمان ساہا، پرتھوی شا اور اجنکیا راہانے، نے چار چار رن بنائے۔
آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگ میں دو وکٹ کے نقصان پر ترانوے رن بنالئے اور پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا۔
آسٹریلیا کے اوپنر بلے بازوں ، میتھیو ویڈ اور جو برنس نے مل کے ستر رن بنائے تھے کہ میتھیو ویڈ رن آؤٹ ہوگئے ۔ان کی جگہ مارنس لابو شین آئے اور آسٹریلیا کا اسکور بیاسی رن پر پہنچا تھا کہ اشون نے شین کو واپس پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد آ‎سٹریلیا کی طرف سے اسٹیون اسمتھ آئے اور ان کی شراکت داری سے آسٹریلیا کا اسکور ترانوے رن پر پہنچ گیا۔ جو برنس اور اسٹیون اسمتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔
آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

 

ٹیگس