Oct ۱۱, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • وزیرخارجہ محمد جواد ظریف
    وزیرخارجہ محمد جواد ظریف

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد اور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کی شام تہران میں عراق کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے یان کوبش سے ملاقات میں کہا کہ علاقے میں عراق کا کردار بہت اہم ہے اور اس کے ملک کے حالات پورے علاقے کے ثبات و استحکام پر براہ راست اثرانداز ہورہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کا بھر پور ساتھ دینا چاہئے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اسی کے ساتھ عراق، شام اور یمن میں داعش اور بعض دیگر دہشت گرد گروہوں کی بعض حکومتوں کی جانب سے حمایت کی سخت مذمت کی ۔

انھوں نے عراق میں امریکا کی قیادت میں نام نہاد داعش مخالف اتحاد کی کارکردگی کو کمزور اور ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ بہت اہم ہے اور عالمی برادری کو ان گروہوں کی ہر قسم کی براہ راست اور بالواسطہ حمایت کو روکنا چاہئے۔

انھوں نے عراق کے حالات کی طرف رکن ممالک کو متوجہ کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو اہم بتایا اور کہا کہ ایران، عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ پر یقین رکھتا ہے اور اس کا نظریہ ہے کہ عراق کو موجودہ حالات سے نجات دلانے کے لئے جو بھی راہ حل پیش کی جائے اس کو عراق کی ارضی سالمیت اور امن و استحکام کا ضامن ہونا چاہئے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائند ے نے بھی اس ملاقات میں عراق اور علاقے کے سیاسی و اقتصادی حالات اور امن و امان کی صورتحال کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ عراق کو موجودہ حالات سے نکالنے کی بنیادی شرط عراقی عوام کا اتحاد ہے۔ انھوں نے بتایا کہ قومی آشتی، مرکزی حکومت کی حمایت اور عراق کی اقتصادی اور سیکورٹی سے متعلق مشکلات و مسائل کو حل کرنا، اقوام متحدہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ٹیگس