Oct ۱۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران اور یورپی یونین کے عہدیداروں کی تہران میں ملاقات
    ایران اور یورپی یونین کے عہدیداروں کی تہران میں ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ امیرعبداللہیان اوریورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی نائب سربراہ ہلگا اشمید نے اہم علاقائی مسائل پر بات چیت کی ہے

تہران میں ہونےوالی اس ملاقات میں حسین امیرعبداللہیان اور ہلگااشمید نے علاقے اور خاص طورپرشام کے مسائل پر بات چیت کی -

یہ ملاقات علاقائی مسائل پرایران اور یورپی یونین کے درمیان ایک عرصے سے جاری صلاح و مشورے کےتناظر میں ہی انجام پائی ہے -

اس ملاقات میں ایران کے نائب وزیرخارجہ نے علاقائی بحرانوں کے حل کے سلسلے میں ایران اور یورپی یونین کے درمیان جاری صلاح و مشورے کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ شام کے بحران کو حل کرنے کے لئے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کیا جانا بہت ضروری ہے -

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی نائب سربراہ ہلگااشمید نے جو میونیخ سیکورٹی کانفرنس کے تمہیدی اجلاس میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر ہیں دہشت گرد ی کے خلاف بھرپورجنگ اور مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ شام کے مستقبل کی واضح تصویرپیش کیا جاناضروری ہے -

اس ملاقات میں ایران اور یورپی یونین نے شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کےلئے منطقی راہ حل پیش کئے جانے کی ضرورت پر بھی زوردیا -

ایران اور یورپی یونین کے اعلی عہدیداروں نے علاقائی مسائل کے حل کے تعلق سے باہمی صلاح ومشورے جاری رکھنے پر بھی تاکید کی -

ٹیگس