Nov ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران کی بری فوج کی مشقوں کا تیسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل
    ایران کی بری فوج کی مشقوں کا تیسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل

ایران کی بری فوج کی محمد رسول اللہ(ص) مشقوں کا تیسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بری فوج کی ریپڈ ایکشن کور کےجوانوں نے بدھ کے روز محمد رسول اللہ فوجی مشقوں کے تیسرے اور آخری مرحلے میں شدید گولہ باری کرکے فرضی دشمن کے ٹھکانوں کو تہس نہس کردیا۔

شمال مشرقی شہر تربت جام میں انجام پانے والی مشقوں کے دوران بری فوج کی ایئر کور کے جوانوں نے بھی حصہ لیا اور علاقے پر جاسوسی پروازیں انجام دیں ۔

بری فوج کی ائیر کور کے طیاروں نے فرضی دشمن کے ٹھکانوں کی تصاویر اور دیگر معلومات حاصل کرکے انہیں فوری طور پر کمانڈ سینٹر کو منتقل کیا جس کے بعد حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔

بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پور دستان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان مشقوں کا پیغام پوری طرح سے واضح ہے اور ہم ملت ایران کو آگاہ کرنا چاہتے کہ مسلح فواج کے جوان دشمن کے مقابلے میں وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ افراد جو دہشت گردوں اور تکفیری گروہوں کو ایران کی سرحدوں کی قریب لانے کی کوشش کر رہے ہیں جان لیں کہ ایران کی فوج کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی پوری توانائی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ہمسایہ ملکوں کے لیے ان فوجی مشقوں کا پیغام ، امن و دوستی ہے اور ہم انہیں اطمینان دلانا چاہتے ہیں کہ ایران کی مسلح افواج خطے میں قیام امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ محمدرسول اللہ (ص) فوجی مشقوں کے دوران مختلف قسم کے ایرانی ساختہ ہتھیاروں نیز مہاجر اور یسیر نامی ڈرون طیاروں کا بھی تجربہ کیا گیا۔

ٹیگس