Nov ۲۳, ۲۰۱۵ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • شام کے وزیر اعظم وائل الحلقی
    شام کے وزیر اعظم وائل الحلقی

شام کے وزیر اعظم وائل الحلقی نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے اسلامی جمہوریہ ایران جیسے دوست ممالک کی حمایت اور اپنی فوج اور قوم کے اتحاد کی بدولت دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔

ارنا نے شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شام کے وزیر اعظم وائل الحلقی نے اس ملک میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد رضا رئوف شیبانی سے ملاقات کی۔ وائل الحقلی نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور شام اور دونوں ممالک کی اقوام کے باہمی دیرینہ تعلقات کی بنیاد بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح اور مرحوم حافظ اسد نے رکھی تھی اور اب رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی حمایت اور رہنمائی نیز دونوں ممالک کے صدور ڈاکٹر حسن روحانی اور بشار اسد کی کوششوں سے ان تعلقات میں توسیع آ رہی ہے۔

شام کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایران اور شام کے اسٹریٹیجک تعلقات اور استقامت کے محور کی ثابت قدمی ان صیہونی امریکی سازشوں کے مقابلے میں پائیداری کا باعث بنی ہے کہ جن کا مقصد خطے کے استحکام میں خلل ڈالنا، دولت کی لوٹ مار کرنا اور تخلیقی صلاحیتوں کو نیست و نابود کرنا ہے۔
وائل الحلقی نے شامی قوم کی ثابت قدمی کے بنیادی عناصر کی تقویت اور شام کی قومی معیشت کے استحکام کے لئے رہبر انقلاب اسلامی، ایران کی حکومت اور قوم کی جانب سے کی جانے والی حمایت کو بھی سراہا۔
اس ملاقات میں دونوں ممالک کے اقتصادی، تجارتی اور صنعتی تعلقات اور ان تعلقات میں توسیع کا جائزہ لیا گیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد رضا رئوف شیبانی نے اس بات پر تاکید کی کہ ایران ان کامیابیوں کے حصول کے لئے کہ جن کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں، شام کے صدر اور قوم کا ساتھ دیتا رہے گا۔ محمد رضا رئوف شیبانی نے ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کے مقابلے میں شام کی حکومت کی ثابت قدمی اور اقتصادی مسائل حل کرنے میں اس حکومت کی کامیابی کو بھی سراہا۔

ٹیگس