Dec ۰۲, ۲۰۱۵ ۰۷:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران کے شہداء اور جانبازوں سے صدر مملکت کی ملاقات
    ایران کے شہداء اور جانبازوں سے صدر مملکت کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے شب اربعین حسینی میں شہداء اور جانبازوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس ملاقات میں کہا کہ مقدس دفاع کے آٹھ برسوں کے دوران شہداء اور جانبازوں کی فداکاریاں، ہمیشہ کے لئے ایران کی وفادار قوم کے دلوں میں زندہ اور جاوداں رہیں گی- انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ نے انقلاب کی غربت کے ایام میں اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی برسوں میں اپنے ملک کے نظام، سرحدوں اور خودمختاری و عزت کا دفاع کیا اسی سبب سے وہ ہمیشہ کے لئے ملت ایران کے لئے قابل احترام ہیں-

صدر مملکت نے کہا کہ خداوند عالم یہ چاہتا ہے کہ بعض تاریخی واقعات کو ہمیشہ کے لئے جاوداں بنا دے اسی لئے اس نے عاشورا کی طرح اربعین حسینی کو بھی تاریخ میں جاوداں بنادیا جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ عاشقان حسین علیہ السلام، روز افزوں عشق و ولولےکے ساتھ امام حسین علیہ السلام کی یاد منانے کے لئے ان کی بہن حضرت زینب سلام اللہ علیھا کی پیروی کرتے ہوئے ہر سال اربعین میں پیدل کا سفر طے کرتے ہیں کہ جس میں عراقی زائرین کے ساتھ دنیا بھر کے ملکوں کی زائرین کی ایک بڑی تعداد شامل ہوتی ہے-

حجۃ الاسلام والمسلمین روحانی نے کربلا میں روز اربعین، دسیوں لاکھ زائرین کے عظیم اور بے مثال اجتماع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق اس کوشش میں ہیں کہ اربعین حسینی کو دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اور دینی اجتماع کی حیثیت سے یونسکو میں رجسٹرڈ کرائیں-

واضح رہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی رات کو ایک جانباز محمد گنجی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران ان کی کوششوں اور جانفشانیوں کی قدردانی کی-

ٹیگس