Dec ۰۷, ۲۰۱۵ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر مذاکرات کار سید عباس عراقچی
    اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر مذاکرات کار سید عباس عراقچی

ایران اور یورپی یونین نے ویانا میں پانچ جمع ایک گروپ کی مجوزہ قرارداد کا جائزہ لیا ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پانچ جمع ایک گروپ کی مجوزہ قراداد کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پانچ جمع ایک گروپ یہ قرارداد آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں پیش کرے گا۔ سید عباس عراقچی نے ارنا سے گفتگو میں کہا ہے کہ اتوار کی شام کو یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی نائب سربراہ ہلگا اشمید کے ساتھ ویانا میں پانچ جمع ایک گروپ کی مجوزہ قرارداد کا جائزہ لیا گیا اور کچھ فیصلے کیے گئے تا کہ سارے قدم ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی سمت میں اٹھائے جاسکیں۔

عراقچی نے اس سوال کے جواب میں کہ کہا جارہا ہے آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل یوکیا آمانو کی رپورٹ میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کی بنا پر پی ایم ڈی کی فائل کھلی رہ سکتی ہے کہا کہ پی ایم ڈی کی فائل کھلی رکھنا آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل کے اختیارات میں نہیں ہے بلکہ اس سلسلے میں بورڈ آف گورنرز فیصلہ کرے گا۔ پی ایم ڈی سے مراد ایران کے ایٹمی پروگرام کے ممکنہ فوجی پہلوہیں جن کے بہانے مغرب نے ایران پر الزامات لگا کر پابندیاں لگائی تھیں۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ یوکیا آمانو کی رپورٹ میں پی ایم ڈی کے بارے میں دو طرح سے گفتگو کی گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایران میں جو ایٹمی سرگرمیاں انجام پائی ہیں وہ محض فیزایبی لیٹی اسٹڈیز تک محدود رہی ہیں، لیکن ہم اس دعوے کو بھی قبول نہیں کرتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ یہ کہنا کہ ایران میں جو کچھ ہوا ہے فیزایبی لیٹی اسٹڈیز تھیں وہ مغرب کے گذشتہ بارہ برسوں کے دعووں پر خط بطلان کھینچ دیتا ہے۔ ایران کے نائب وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور مجید تحت روانچی نے اتوار کو یورپی یونین میں خارجہ پالیسی شعبے کی نائب سربراہ ہلگا اشمید سے مذاکرات کئے تھے۔ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کا اجلاس پیر کو ویانا میں ہوگا۔

ٹیگس