Dec ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران کی وزارت خارجہ، شام کی کابینہ اور حماس کی جانب سے شام پر صیہونی حکومت کے تازہ فضائی حملے کی شدید مذمت
    ایران کی وزارت خارجہ، شام کی کابینہ اور حماس کی جانب سے شام پر صیہونی حکومت کے تازہ فضائی حملے کی شدید مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ، شام کی کابینہ اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے، شام پر صیہونی حکومت کے تازہ فضائی حملے کی مذمت کی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کی اس کھلی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کے مصداق فضائی حملے میں حزب اللہ لبنان کے سینیئر کمانڈر سمیر قنطار شہید ہو گئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے شام پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر سمیر قنطارکے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کا ایک اور نمونہ قرار دیا ہے -

وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے شام پر صیہونی حکومت کے تازہ فضائی حملے پر کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کا یہ اقدام اس کی منظم ریاستی دہشت گردی کا ایک اور مصداق ہے -

انہوں نے صیہونی حکومت کی جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف ہمیشہ ثابت قدمی کی مثال پیش کرنے والے حزب اللہ کے بہادر کمانڈر سمیر قنطار کی شہادت پر ان کے اہل خانہ، ان کے ساتھیوں، لبنان اور فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریکوں اورحکومت لبنان کو تعزیت پیش کی -

وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری کو جس میں سمیر قنطار کی شہادت واقع ہوئی اقوام متحدہ کے رکن ایک آزاد اور خودمختار ملک کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی بتایا اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی -

ترجمان وزارت خارجہ نے بین الاقوامی اداروں اور دنیا بھر کی حکومتوں سے کہا کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے اس جارحانہ اور دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کریں اور اس بات کی اجازت نہ دیں کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنےکے لئے عالمی عزم و ارادہ صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات سے متاثر ہو -

شام کی وزارتی کونسل نے بھی کہا ہے کہ صیہونی حکومت کا یہ اقدام لبنان اور شام کی مزاحمتی قوتوں کو کمزور کرنے کے لئے انجام دیا گیا ہے- شامی حکومت کی کابینہ یا وزارتی کونسل نے اپنے بیان میں صیہونی حکومت کے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ صیہونی حکومت لبنان اور شام میں مزاحمتی قوتوں کے اتحاد سےخائف ہے -

شام کی وزارتی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمانا کے علاقے میں صیہونی حکومت کا یہ دہشت گردانہ حملہ امت اسلامیہ پر مسلط کی گئی دہشت گردانہ جنگ کے مقابلے میں مزاحمتی قوتوں کی استقامت و پامردی کو متزلزل نہیں کر سکے گا -

بیان میں کہا گیا ہے کہ شام دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے اور صیہونی دشمن و عالمی دہشت گردی کے مقابلے میں مزاحمتی محاذ کو مضبوط بنانے کے اپنے راستے کو جاری رکھے گا -

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی سمیر قنطار پر صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے- حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے حزب اللہ کے کمانڈر کو شہید کرنے کے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ وہ صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کو بند کرانے کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے-

فلسطین کی الفتح تحریک اور جہاد اسلامی تنظیموں نے بھی سمیر قنطار کی شہادت پر اپنے تعزیتی پیغامات میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت مزاحمتی قوتوں کے کمانڈروں اور ارکان کو نشانہ بناکر شام میں مزاحمتی محاذ کو کمزور کرنا چاہتی ہے -

واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے لڑاکاطیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات دمشق کے مضافاتی علاقے جرمانا میں ایک رہائشی مکان پر بمباری کر کے حزب اللہ کے سینئر کمانڈر سمیرقنطار کو شہید کر دیا -

سمیر قنطار صیہونی جیلوں میں سب سے قید کاٹنے والے لبنانی شہری تھے۔ وہ تین عشرے تک صیہونی جیلوں میں قید رہنے کے بعد سنہ دو ہزار آٹھ میں حزب اللہ اور صیہونی حکومت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے وقت آزاد ہوئے تھے۔

صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات شام میں سرگرم دہشت گردوں کی حمایت کے لئے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور دمشق کے جنوب میں واقع جرمانا علاقے پر بمباری کی۔

ٹیگس