Jan ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  •  دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے ایران اور لکسمبرگ کے پختہ عزم کا اعلان

اسلامی جمہوریہ ایران اور لکسمبرگ کے اسپیکروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے دونوں ملکوں کے پختہ عزم کا اعلان کیا ہے۔

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور لکسمبرگ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ہارس ڈی پارتلنو نے تہران میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک پارلیمانی تعلقات میں توسیع اور مختلف میدانوں منجملہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ تہران بینکنگ، سرمایہ کاری کے فنڈ اور اور مالی امور جیسے شعبوں میں لکسمبرگ کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کے خلاف عا‏ئد پابندیوں کے خاتمے کے موقع پر لکسمبرگ کے وفد کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کی راہ میں ایک اچھا آغاز ہے۔

لکسمبرگ کی پارلمینٹ کے اسپیکر ہارس ڈی پارتلنو نے بھی علاقے میں ایران کے کردار کو انتہائی اہم بتایا اور کہا کہ ایران نے علاقے میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے بہت زیادہ کوشش کی ہے اور سبھی طاقتوں کو اس سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔

انہوں نے ان مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جن سے آج یورپ دست بگریباں ہے، کہا کہ غربت کا بحران یورپ کے دروازے تک پہنچ چکا ہے اور سبھی ملکوں کو چاہئے کہ پناہ گزینوں کے، جو دہشت گردی کے شکار ملکوں سے جان بچا کر یورپ پہنچے ہیں، مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ لکسمبرگ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایران کے ایٹمی معاملے کے حل کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ فریقین میں ایک دوسرے کے تئیں اعتماد بحال ہوا ہے اور اب اعتماد نے بد اعتمادی کی جگہ لے لی ہے۔

ٹیگس