Jan ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ایٹمی کامیابیوں کی قدردانی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ایٹمی کامیابیوں کی قدردانی کرتے ہوئے امریکا کی چال بازیوں کے مقابلے میں ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایٹمی کامیابیوں کے بارے میں صدر حسن روحانی کے خط کے جواب میں رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں ، ایرانی عوام کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ایٹمی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا گیاہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، وزیر خارجہ اور ایٹمی مذاکرات کاروں کی کوششوں کو سراہا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں اعلی حکام کو یاد دہانی کرائی ہے کہ صرف پابندیوں کا خاتمہ ہی ملک و ملت کی معاشی بہتری کے لیے کافی نہیں بلکہ ایران کی اقتصادی مشکلات کا حل استقامتی معیشت کے تحت انتھک محنت اور دانشمندانہ منصوبہ بندی پر منحصر ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایٹمی مذاکرات میں جو بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے وہ سامراجی محاذ اور منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پامردی کی بدولت حاصل ہوئی ہے اس لئے ہم سب کو چاہئے کہ اس واقعے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام واقعات میں ایک بڑے درس کے طور پردیکھیں-

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نےفرمایا ہے کہ اس بات پر گہری نظر رکھی جائے کہ فریق مقابل اپنے وعدوں پر پوری طرح سے عمل کرے کیونکہ حالیہ چندروز کے دوران امریکی عہدیداروں کے بیانات بدگمانی پید ا کرنے کا باعث بنے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خط میں ایرانی حکام کی کامیابی کی امید کرتے ہوئے ایک بار پھر تاکید فرمائی ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے، سامراجی حکومتوں خاص طور سے امریکہ کی چال بازیوں اور وعدہ خلافیوں نیز دیگر مسائل سے ذرہ برابر غفلت نہ برتی جائے۔

ٹیگس