Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۰۶:۴۷ Asia/Tehran
  • صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
    صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری کو نکالے جانے والے جلوسوں اور سات اسفند مطابق چھبیس فروری کو ہونے والے انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی شام کو ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے اجلاس کے دوران انقلاب اسلامی کی کامیابی اور اس زمانے کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) نے اللہ تعالی پر توکل اور عوام پر گہرا اعتماد کرتے ہوئے انقلاب کی قیادت کی ذمےداری سنبھالی، آپ ملک اور دنیا کے حالات سے بہت زیادہ آگاہ تھے اور آپ کو سب سے زیادہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کا یقین تھا۔

صدر مملکت نے طاغوتی حکومت سے فوج کی روگردانی کو امام خمینی (رح) کی قیادت کی کشش، انقلابی تحریک کے عوامی ہونے اور اجتماعی اتحاد کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ آج بھی ہم ایمان و اتحاد، دانشمندانہ قیادت اور قوم کی دوراندیشی کی بدولت تمام سازشوں کے مقابلے میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی مذاکرات میں ایرانی قوم کی کامیابی، قومی حقوق کی بازیابی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی منسوخی اور ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کو ایرانی قوم کی استقامت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں قرار دیا اور کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنی موثر اور دانشمندانہ ہدایات نیز قومی اتحاد کی تقویت کی بدولت ان کامیابیوں کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس موقع پر عوام سے بائیس بھمن کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر اور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرنے کی اپیل کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ لوگ مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کے انتخابات اور پارلیمانی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں گے اور یہ انتخابات اسلامی جمہوری نظام کے لئے ایک اور قابل فخر کارنامہ شمار ہوگا۔

ٹیگس