Mar ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر صنعت و تجارت محمد رضا نعمت زادہ
    ایران کے وزیر صنعت و تجارت محمد رضا نعمت زادہ

ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشرق وسطی میں گاڑیوں کی برآمدات کا مرکز بن جائے گا۔

ایران کے وزیر صنعت و تجارت محمد رضا نعمت زادہ نے ایران کی آٹوموبائل صنعت کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں توقع ظاہر کی کہ آئندہ برسوں کے دوران ایران سے عالمی منڈیوں میں دس لاکھ گاڑیاں برآمد کی جائیں گی اور بعض یورپی اور ایشیائی ملکوں کے ساتھ آٹو موبائل کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گاڑیاں بنانے والی غیرملکی کمپنیوں کے ساتھ انجام پانے والے مذاکرات میں جدید ڈیزل انجنوں، تجارتی گاڑیوں کی تیاری، بعد از فروخت سروس اور برآمدات کے شعبے میں جرمنی کی بینز کمپنی کے ساتھ ابتدائی سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں۔

ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے ایران میں بہتر کوالٹی کے ایندھن کی تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عنقریب ایران میں یورو پانچ اسٹینڈرڈ کے پیٹرول کی پیداوار شروع ہو جائے گی اور اس کے لیے ایک آئل ریفائنری اس وقت زیر تعمیر ہے۔ اس آئل ریفائنری میں آئندہ سال تک پیداوار شروع ہو جائے گی۔ ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام مذاکرات اور نئے معاہدوں میں اپنی گاڑیوں کی پیداوار کا تیس فیصد برآمد کرنا چاہتا ہے۔

ایران کی آٹوموبائل صنعت کی تیسری بین الاقوامی کانفرنس پیر کے روز تہران میں شروع ہوئی جس میں تین سو ترسٹھ ایرانی کمپنیاں اور دنیا کے تئیس ملکوں سے ایک سو سینتیس غیرملکی کمپنیاں شریک ہیں۔

ٹیگس