Mar ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • دشمنوں کو ہمارے میزائلوں کی گرج سے خائف رہنا چاہئے: جنرل جعفری

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کے دشمنوں کو ہمارے میزائلوں کی گرج سے خائف رہنا چاہئے۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل جعفری نے اقتدار ولایت نامی فوجی مشقوں کے آخری مرحلے میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائل ڈپو ملک کے گوشے گوشے میں موجود ہیں- انہوں نے اقتدار ولایت فوجی مشقوں اور اس دوران ایران کے مختلف علاقوں سے بیلسٹک میزائل فائر کئے جانے کی مشقوں کو میزائلی پابندیوں کے تعلق سے دشمنوں کی ہرزہ سرائی کا منہ توڑ جواب دیا-

انہوں نے کہا کہ ان میزائلوں کا ملک کے مختلف علاقوں سے فائر کیا جانا پورے ملک میں پھیلے ہوئے میزائلی ڈپو کے آپریشنل ہونے کا ایک چھوٹا سا نمونہ ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران کے حکام میزائلی قوت کی توسیع اور تقویت کو اسلامی نظام کی ریڈ لائن سمجھتے ہیں اور اس پر سب پوری طرح متفق و متحد ہیں، کہا کہ ہمارے دشمنوں کی بھی سمجھ میں یہ بات آ گئی ہے کہ پابندیوں کا دائرہ وسیع کرنے اور سیکورٹی دباؤ ڈالنے سے ایران کی دفاعی توانائیوں کی تقویت پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے اسی لئے انہوں نے اقتصادی پابندیاں عائد کر کے ہمارے میزائلی نظام اور طاقت کو محدود کرنے کی کوشش کی تھی- انہوں نے میزائلی طاقت کی تقویت میں پابندیوں کے بے اثر رہنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ آج ہمارا میزائلی شعبہ پوری طرح ایرانی ماہرین کا ہی تیار کردہ شعبہ ہے اور میزائلی شعبے میں ہم کسی بھی طرح دوسروں پر انحصار نہیں کرتے-

جنرل جعفری نے کہا کہ پابندیوں کے دور میں ہم نے کافی ترقی کی اور اپنے پیروں پر کھڑے ہوئے- انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دشمنوں کے مقابلے میں اسلام کے سپاہی ہمیشہ تیار رہتے ہیں اور ان کی انگلیاں ہر وقت اسلحے کے ٹرائیگر پر ہوتی ہیں، کہا کہ اسلامی انقلاب اور علاقے کی سلامتی کے دشمنوں کو سپاہ پاسداران کے میزائلوں کی گرج سے خائف رہنا چاہئے-

جنرل جعفری نے کہا کہ اقتدار ولایت فوجی مشقوں سے ہمارے دشمن یہ سمجھ لیں گے کہ دفاعی طاقت اور قومی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے اور اس معاملے پر ہم کسی بھی صورت میں کسی سے بھی کوئی بات نہیں کریں گے- انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سلامتی اسلامی جمہوری نظام کا سب سے اہم اور بنیادی ترین موضوع ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کا پیغام ہمارے ہمسایہ ملکوں کے لئے امن و سلامتی کا پیغام ہے اور ایران کی سلامتی پورے خطے کی سلامتی ہے۔

ٹیگس