Mar ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • منشیات کے خلاف مہم میں  پوری دنیا کے ملکوں کی شمولیت ضروری ہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے منشیات کے خلاف مہم میں پوری دنیا کے ملکوں کی شمولیت پر زور دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں انسداد منشیات کے کمیشن کے انسٹھویں سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ثقافتی اور سماجی اقدار و عقائد کا احترام، علاقائی سطح کی حساسیت اور تقاضوں پر توجہ اور ملکوں کے اقتدار اعلی کے اصولوں کی رعایت کرتے ہوئے عالمی سطح پر منشیات کے خلاف مہم میں دنیا کے سبھی ملکوں کی شمولیت کی زمین ہموار کرنی چاہئے-

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران منشیات سے مربوط موضوعات میں اقوام متحدہ کی پالیسی سازی کے اصل ادارے کی حیثیت سے سی این ڈی کی حمایت کرتا ہے-

وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دہشت گردی کے بڑھنے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اقتصادی اور تارکین وطن کے بحران کی وجہ سے منشیات کا مسئلہ پہلے سے زیادہ نوجوانوں، خواتین اور حتی بچوں کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے- انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دنیا کے ممالک اس بات پر بھرپور توجہ دیں اور معاشرےکے نوجوانوں خواتین اور بچوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کو اپنے پروگراموں میں سرفہرست قرار دیں-

ٹیگس