Mar ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  •  ایران، روس، شام اور حزب اللہ  کے مابین تعاون میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی :  ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ شام میں روسی فوجیوں کی کمی کے ماسکو کے فیصلے سے شام میں اتحادیوں کے تعاون میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوگی۔

بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے منگل کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں روسی فوجیوں کی تعداد میں کمی سے ایران، روس، شام اور حزب اللہ جیسے اتحادیوں کے مابین تعاون میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی -

انہوں نے کہا کہ روسی حکام نے کہا ہے کہ شام میں ان کے اڈے باقی رہیں گے لیکن ممکن ہے کہ ان کے فوجیوں کی تعداد کم ہوجائے تاہم ان تمام باتوں کے باوجود ہم یہی سمجھتے ہیں کہ جب بھی ضروری ہوا روس دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوت کے ساتھ شرکت کرے گا اور جہاں ضرورت ہوگی وہ اپنی کارروائیاں تیزکردے گا -

انہوں نے کہا یہ وہ لائحہ عمل ہے جس کے بارے میں ہم نے روسی حکام منجملہ صدر پوتن سے خود سناہے –

ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف شامی حکومت کے اتحادیوں کو شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں -

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ شام میں جنگ بندی نافذ ہے اور جنیوا میں مذاکرات بھی شروع ہوا چاہتے ہیں تو ہم پورے اطمینان کے ساتھ یہ کہتے ہیں کہ شام اور اس کے اتحادیوں منجملہ روس اور ایران کو برتری حاصل ہے اور ہم مستقبل کے بارے میں پر امید ہیں -

انہوں نے کہا شام میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا اعلان اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ شامی حکومت ملک میں امن و امان کے تعلق سے کافی مطمئن ہے -

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہاکہ جو بعض ممالک منجملہ رجعت پسندحکومتیں حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دے رہی ہیں تو یہ اقدام ان کی مایوسی اور ناکامی کو ظاہر کرتاہے -

انہوں نے کہا کہ آج کون ہے جو نہیں جانتا کہ حزب اللہ امت اسلامیہ اور عرب دنیا کے لئے عزت و افتخار کا باعث ہے -

ٹیگس