Mar ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران شامی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے: ڈاکٹر کمال خرازی

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر کمال خرازی نے دمشق میں شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم سے ملاقات کی ہے۔

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال خرازی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔

انہوں نے صدر بشار اسد کی قانونی حکومت کو ختم کرنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مزاحتمی محاذ نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی اس سازش کو ناکام بنادیا ہے۔

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیابی میں ایرانی مشیروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شامی عوام اور حکومت کی پانچ سالہ استقامت اور ایران کے مشاورتی تعاون کے باعث دہشت گرد اور ان کے حامی مذاکرات پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر کمال خرازی شام کے قومی آشتی کے وزیر علی حیدر سے بھی ملاقات اور گفتگو کرنے والے ہیں۔ وہ شام میں مقیم فلسطینی تنظیموں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے پہلے انہوں نے دورہ بیروت کے موقع پر لبنانی حکام اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات اور گفتگو کی تھی۔

ٹیگس