Apr ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • امریکہ اور مغرب ناقابل اعتماد ہیں، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ اور مغربی ملکوں کو ناقابل اعتماد قرار دیتے ہوئے ملکی معیشت کو طاقتور بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ملک کے اعلی سول اور فوجی عہدیداروں سے عید نوروز کے بعد پہلی ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کو بداخلاقی اور بداعتمادی کا مظہر قرار دیا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ اور مغربی ملکوں پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید فرمائی کہ ہمیں اپنی توانائیوں پر بھروسہ کرنا ہے اور امریکی حکام کے رویّے اور بیانات سے بھی ہمارے اس نظریے کی تائید ہوتی ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ نے فرمایا کہ اگر ہم سچائی کے ساتھ میدان عمل میں اتریں گے تو خداوند متعال بھی ہماری مدد کرے گا۔

آپ نے فرمایا کہ اجتماعی اور انفرادی زندگی کے راستے میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہر حالت میں اپنی منزل کو فراموش نہ کریں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ملکی پیداوار کی حمایت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ صنعت اور زراعت دونوں شعبوں میں پیداوار پر خاص توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے استقامتی معیشت پر عمل درآمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس پالیسی پر عمل درآمد میں ملکی وسائل اور توانائیوں پر بھروسہ کیا جائے۔

ٹیگس