Apr ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران میزائل پروگرام پر مذاکرات نہیں کرے گا، ڈپٹی چیف آف اسٹاف

مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے کہا ہے کہ ملک کے میزائل پروگرام پر ہرگز مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ایران کا میزائل پروگرام ہماری ریڈ لائن ہے اور اس بارے میں کسی سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن میزائل پروگرام کے معاملے کو حل کرنے کی غرض سے ایران کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔

مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف نے کہا کہ ایران، سامراجی طاقتوں کے عزائم کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی حکمت عملی تیار اور اس پر پوری آزادی کے ساتھ عمل کرتا چلا آیا ہے اور اس معاملے میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنی دفاعی طاقت میں اضافے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے رواں سال نو مارچ کو جنوبی مشرقی ایران کے ساحلی علاقے مکران میں فوجی مشقوں کے دوران دور مار میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

امریکہ نے ایران کے میزائل پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جامع ایٹمی معاہدے کے خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ اس کے میزائل پروگرام کا جامع ایٹمی معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ٹیگس