Apr ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی
    اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ایران نے، ایک ایسے ملک کا پڑوسی ہونے کے سبب کہ جو منشیات کا گڑھ ہے، اب تک سب سے زیادہ جانوں کی قربانی دی ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ عبد الرضا رحمانی فضلی نے پیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر "یوری فدوتوف" کے ساتھ ملاقات میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ منشیات کا مسئلہ ایک انسانی اور بین الاقوامی مسئلہ ہے کہا کہ اس کے حل کے لئے بھی بین الاقوامی سطح پر کوشش اور مشارکت کی ضرورت ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ ایران عالمی سطح پر منشیات سے مقابلہ کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے اور منشیات کی اسمگلنگ سے مقابلے کے سلسلے میں سب سے زیادہ جد وجہد اور سب سے زیادہ جانوں کی قربانی ایران نے دی ہے نیز سب سے زیادہ منشیات ایران میں برآمد کی جاتی ہے اور اگر ایران کی طرف سے اس سلسلے میں تساہلی اور کوتاہی کی جاتی تو ایران کے راستے یہ منشیات دیگر ممالک منتقل ہو جاتیں-

رحمانی فضلی نے کہا کہ اس ملاقات میں یوری فدوتوف نے منشیات سے متعلق ایران کی کوششوں کی قدردانی کی اور کہا کہ ایران منشیات سے مقابلے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے اور اس کی سرحدوں پر ہزاروں پولیس اہلکار تعینات ہیں جو اسمگلروں کی سرگرمیوں کی روک تھام کرتے ہیں-

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہیں۔ ایرانی وزیر داخلہ اقوام متحدہ کے سہ روزہ اجلاس کے موقع پر دیگر ممالک کے نمائندوں اور حکام سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے۔

ٹیگس