Apr ۲۲, ۲۰۱۶ ۰۸:۰۶ Asia/Tehran
  • جنرل اسمبلی میں پائیدار ترقی کے اجلاس میں جواد ظریف کی تقریر

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے انتہا پسندی اور تشدد کا مقابلہ کرنے کو پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے اہم ترین ترجیح قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران پائیدار ترقی کے دو ہزار تیس کے دستور پر مکمل اور موثر عمل درآمد کرنے کا پختہ عزم رکھتا ہے اور پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے اہم ترین ترجیح انتہا پسندی اور تشددکا مقابلہ ہے کہ جس نے مشرق وسطی اور دیگر علاقوں میں تباہی پھیلا رکھی ہے۔

محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت نے غیرمنصفانہ پابندیوں سمیت بہت سی رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود پائیدار ترقی کے طے شدہ مقاصد کے حصول کے لیے عبوری عمل شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں اس نے اسٹریٹیجک پالیسی اختیار کی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے غربت کے خاتمے، پانی کی پائیدار مینجمنٹ اور جنگلوں کے خاتمے کا مقابلہ کرنے سمیت اہم مسائل کے سلسلے میں اپنے لیے ترجیحات طے کی ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پائیدار ترقی کے موضوع پر اجلاس منعقد ہوا جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں دو ہزار تیس میں پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل کرنے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان مقاصد کی گزشتہ سال منظوری دی گئی تھی۔

ٹیگس