May ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے: آیت اللہ محسن اراکی

تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیا ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے سرزمین فلسطین پر صیہونیوں کے غاصبانہ قبضے کی برسی کی مناسبت سے اتوار کو ایک بیان جاری کر کےکہا ہے کہ فلسطین پر غاصبانہ قبضہ صرف ایک عربی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ عالم اسلام کا سب سے اہم معاملہ ہے۔

آیت اللہ محسن اراکی نے اپنے بیان میں کہا کہ علاقے میں تکفیری گروہوں کی تمام تر شیطنت کے باوجود کہ جو مسلمانوں کی توجہ عالم اسلام کے سب سے اہم مسئلے سے ہٹانے کے لئے کی جا رہی ہے، بیت المقدس بدستور عالم اسلام کے سب سے اہم مسئلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے- انہوں نے کہا کہ جب تک بیت المقدس صیہونی غاصبوں کے چنگل سے آزاد نہیں ہو جاتا یہ عالم اسلام کے سب سے اہم مسئلے کے طور پر باقی رہے گا۔

تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے تعلق سے علاقے کے بعض ملکوں کے موقف میں تبدیلی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان ملکوں نے اپنے موقف تبدیل نہ کئے ہوتے تو آج ہم مظلوم فلسطینیوں کی دربدری کا مشاہدہ نہ کرتے، ہزاروں فلسطینی مسلمان صیہونی جیلوں میں بند نہ ہوتے اور فلسطینیوں پر صیہونیوں کے حملے جاری نہ رہتے۔

انہوں نے فلسطینی کاز کی حمایت پر زور دیتے ہوئے امت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کی صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی سازشوں کے مقابلے میں ہوشیار رہے۔

ٹیگس