May ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • آئی او آر اے، کی دو روزہ کانفرنس شروع، نائب صدر اسحاق جہانگیری کا خطاب

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے ایران کے اقتصادی شعبے میں بحر ہند کے ساحلی ممالک کی تعاون تنظیم، آئی او آر اے، کے اراکین کی سرمایہ کاری پر تاکید کی ہے۔

جمعرات کے روز ایران کے جنوب مشرقی علاقے چابہار میں بحر ہند کے ساحلی ممالک کی تعاون تنظیم، آئی او آر اے، کی دو روزہ کانفرنس شروع ہو گئی۔ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ایران کی بھرپور صلاحیت و توانائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس دنیا کے اٹھارہ فی صد گیس کے ذخائر ہیں اور خالص اور فراوان قدرتی ذخائر کا حامل ہونے کی وجہ سے ایران اس سلسلے میں دنیا کے پندرہ ممتاز ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران وسطی ایشیا کی منڈیوں تک بحرہند کے ممالک کی رسائی کا بحری وسیلہ ہے اور آئی او آر اے کے رکن ممالک ایران کے ذریعہ وسطی ایشیا کے تیس کروڑ افراد کے بازار تک دسترس حاصل اور برآمدات و درآمدات کر سکتے ہیں۔ اسحاق جہانگیری نے کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ممالک اور ایران کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بعد ایران تمام میدانوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے اور ان میں سے ایک آزاد علاقوں یا فری زونز کا میدان ہے۔

ایران کے نائب صدر نے کہا کہ چابہار فری زون آزاد سمندر کے ساتھ رابطے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کا اسٹریٹیجک اور اہم علاقہ ہے اور بحر ہند کے ساحلی ممالک اس علاقے میں سرمایہ کاری کر کے اپنا سامان وسطی ایشیا کو برآمد کر سکتے ہیں۔ اسحاق جہانگیری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بحر ہند کے ساحلی ممالک کی فی کس آمدنی میں اضافہ نیز سرمائے ، ٹیکنالوجی اور تجارت میں فروغ اس کانفرنس کے اہداف میں شامل ہے۔

انہوں نے بحر ہند کے ساحلی ممالک کی دو ارب کی آبادی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی او آر اے کے رکن ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور پرائیویٹ سیکٹر کی فعالیت میں سہولیات سے ان ممالک کی ترقی و پیش رفت اور فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔

ادھر ایران کے اقتصادی اور آزاد علاقوں کی کونسل کے سیکریٹری اکبر ترکان نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ آئی او آر اے تنظیم میں اکیس ممالک شامل ہیں، کہا ہے کہ جنوبی افریقہ، کوموروس، موزمبیق، آسٹریلیا اور ایران بھی اس تنظیم کے رکن ممالک ہیں۔ انہوں نے چابہار آزاد علاقے یا فری زون میں آئی او آر اے کی کانفرنس کے انعقاد کو اس علاقے کی بھرپور صلاحیتوں سے آگاہی کے لئے مناسب موقع قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے بحرہند علاقے کے آزاد اور ساحلی علاقے اس علاقے کے ممالک کے درمیان تعلقات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اکبر ترکان نے اس کانفرنس کے انعقاد کو کانفرنس میں شریک ممالک کے درمیان تعاون کی سطح میں اضافے کا سبب قرار دیا۔

ٹیگس