May ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • صدر مملکت حسن روحانی کی قم میں مراجع کرام سے ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے قم میں مراجع کرام سے ملاقاتوں میں ان سے اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعہ کو مرجع تقلید آیت اللہ وحید خراسانی سے ملاقات میں کہا کہ آج ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہتر ماحول پیدا ہو گیا ہے جبکہ ایران کے مختلف صوبوں میں سرمایہ کاری اور روزگار کےبہت سے مواقع فراہم ہوئے ہیں- انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا میں ایرانوفوبیا پھیلائے جانے کے اقدامات اور افکار کو ناکام بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی، کہا کہ آج دنیا اس بات کو سمجھ گئی ہے کہ ایران منطق اور باہمی تعاون پر یقین رکھتا ہے اور تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے۔

آیت اللہ وحید خراسانی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایرانی حکام کو چاہئے کہ وہ ملک کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنائیں-

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے مرجع تقلید آیت اللہ لطف اللہ صافی گلپائگانی سے بھی ملاقات میں اقتصادی رونق کو بحال کرنے کے تعلق سے حکومت کی کوشش جاری رکھنے پر زور دیا -

آیت للہ صافی گلپائگانی نے بھی سیاسی اور سماجی تعلقات کی برقراری میں شرعی قوانین اور اسلامی احکامات کی پابندی کئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسی پالیسیاں جاری رکھنی چاہئیں جن سے علاقے میں امن قائم ہو اور علاقے کے عوام خاص طور پر شام عراق اور یمن کے عوام کی مشکلات حل ہوں-

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے مرجع تقلید آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی سے بھی ملاقات کی -آیت اللہ مکارم شیرازی نے اس ملاقات میں حکام کو ہدایت کی کہ وہ اغیار کی شیطنت سے ہوشیار رہیں اور ایران کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں- صدر حسن روحانی نے بھی دینی علوم کے مراکز یا حوزہ ہائے علمیہ اور مراجع کرام کو عوام اور حکومت کا مضبوط معنوی اور ثقافتی پشتپناہ قرار دیا-

اس سے پہلے صدرڈاکٹرحسن روحانی نےقم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر کی زیارت کی-

ٹیگس