May ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • چابہار سہ فریقی معاہدے پر دستخط

اسلامی جمہوریہ ایران، ہندوستان اور افغانستان نے چابہار بین الاقوامی راہداری معاہدے پر دستخط کر دیئےہیں ۔

ایران کے اسٹریٹیجک اہمیت کے ساحلی شہر چابہار میں بین الاقوامی گزرگاہ اور راہداری کا مرکز تیار کرنے کے معاہدے پر تہران میں پیر کی شام، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کی موجودگی میں تینوں ملکوں کے روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ کے وزیروں نے دستخط کئے۔

سہ فریقی چابہار معاہدے سے اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل چابہار بندرگاہ سے استفادے میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔ اس معاہدے سے ہندوستان کو افغانستان کے راستے وسطی ایشیا کے ملکوں تک اور افغانستان کو سمندر کے راستے ہندوستان تک دسترسی حاصل ہوجائے گی ۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو ہندوستان کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ چابہار جنوب مشرق اور جنوب شمال کے درمیان ٹرانزٹ راہداری کا مرکز بننے جا رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ چابہار زاہدان اور اس کے بعد زاہدان سرخس ریلوے لائن کا پروجکٹ مکمل ہونے کے بعد چابہار بندرگاہ ، ہندوستان کو افغانستان اور وسطی ایشیا نیز قفقاز اور مشرقی یورپ کے ملکوں سے جوڑ دے گی اور مختلف ملکوں کے درمیان ایک اہم بین الاقوامی ٹرانزٹ راہداری میں تبدیل ہوجائے گی۔

ٹیگس