Jun ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • عالمی یوم قدس کی اہمیت پر صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عالمی یوم قدس کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران عالمی یوم قدس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی یوم قدس کی ریلیوں اور جلوسوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اس سال عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں ایران اور دنیا بھر کے مسلمان گذشتہ برسوں کے مقابلے میں اور زیادہ وسیع پیمانے پر شرکت کر کے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں اپنی آواز دنیا والوں کے کانوں تک پہنچائیں گے-

انہوں نے کہا کہ اس دن پوری دنیا کے مسلمان اپنے اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کریں گے- صدرمملکت نے کہا کہ ایران کے عوام بھی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی آواز اور فلسطینی عوام کی صدائے مظلومیت پر لبیک کہتے ہوئے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں گے اور نماز جمعہ کے مقام کی جانب مارچ کرتے ہوئے پوری دنیا کے مظلوموں خاص طور پر فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائیں گے-

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکام علاقے میں جنگ و خونریزی برپا کر کے سرزمین فلسطین پر ستر سالہ غاصبانہ قبضے کو لوگوں کے ذہنوں سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں ہم سبھی لوگ اتحاد اور فلسطینی عوام کی حمایت کے حق میں بھرپورآواز بلند کریں گے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے زور دے کر کہا کہ فرزندان اسلام، فلسطینی عوام کی حمایت کا راستہ، جو صیہونی حکومت کے قبضے سے بیت المقدس کی آزادی کے لئے جدوجہد اور استقامت کا راستہ ہے، پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے-

 

ٹیگس