Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۴ Asia/Tehran
  • روس اور ترکی کے تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کا خیرمقدم

اسلامی جمہوریہ ایران نے روس اور ترکی کے تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے دونوں ملکوں کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے دونوں ہمسایہ ملکوں روس اور ترکی کی جانب سے اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے عمل میں لائے جانے والے اقدامات کا خیرمقدم اوران اقدامات کی حمایت کرتا ہے-

وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ روس اور ترکی کے تعلقات بہتر ہونے سے دونوں ملکوں کے عوام کے ساتھ ساتھ پورے علاقے کی قوموں کے مفادات پورے ہوں گے- انہوں نے کہا کہ ماسکو اور انقرہ کے درمیان تعلقات بہتر ہونے سے علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کو مستحکم بنایا جاسکتا ہے-

بدھ کو روس اور ترکی کے صدور نے اپنے ٹیلی فونی رابطے کے ذریعہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کا عمل شروع کر دیا-

واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اس وقت سخت کشیدہ ہو گئے تھے جب گذشتہ برس نومبر میں ترک فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں نے روس کے ایک جنگی طیارے کو شام کی سرحد کے اندر مار گرایا تھا- اس واقعے میں روسی طیارے کا ہواباز بھی ہلاک ہو گیا تھا-

 

ٹیگس