Oct ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ تہران میں موگرینی کے مذاکرات کا محور دوطرفہ تعاون خاص طور پر شام کی تبدیلیوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کرنا ہے۔
    بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ تہران میں موگرینی کے مذاکرات کا محور دوطرفہ تعاون خاص طور پر شام کی تبدیلیوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کرنا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے ایران کے وزیر خارجہ سے تہران میں ملاقات کی ہے-

اسنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ہفتے کی صبح کو ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ مسائل نیز علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں گفتگو کی -

اس رپورٹ کے مطابق موگرینی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گی- فیڈریکا موگرینی صدرایران سے ملاقات کے بعد دوبارہ محمد جواد ظریف کے ساتھ مذاکرات انجام دیں گی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ تہران میں موگرینی کے مذاکرات کا محور دوطرفہ تعاون خاص طور پر شام کی تبدیلیوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کرنا ہے-

موگرینی کا دورہ تہران ایسی حالت میں انجام پا رہا ہے کہ یورپی پارلیمان نے گذشتہ ہفتے ایٹمی معاہدے کے بعد ایران کے بارے میں یورپی یونین کی نئی اسٹریٹیجی سے متعلق قرارداد کی منظوری دی ہے۔

اس قرارداد میں علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں ایران کے موثر علاقائی و بین الاقوامی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے حل، دہشت گردی خاص طور سے داعش اور اس جیسے گروہوں کے خلاف مہم میں ایران کی شمولیت اور مختلف سیاسی، اقتصادی، تعلیمی، تحقیقاتی اور ماحولیاتی شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے-

ٹیگس