Dec ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۴:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران مخالف پابندیوں کے قانون کی مدت میں توسیع پر ایران کا شدید احتجاج

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے امریکا کے وزیرتوانائی سے ملاقات میں ایران مخالف پابندیوں کے قانون آئی ایس اے کی مدت میں توسیع کے بل کی منطوری پر شدید احتجاج کیا ہے -

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ویانا میں امریکا کے وزیرتوانائی ارنسٹ مونیز سے ملاقات میں امریکی کانگریس میں ایران مخالف پابندیوں کے قانون آئی ایس اے کی مدت میں توسیع کے بل کی منظوری پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور اس کو ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی قراردیا-

انہوں نے اس ملاقات میں ایٹمی معاہدے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مکمل عمل درآمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ایران کے اقدام کی آئی اے ای اے نے بھی تصدیق کردی ہے - انہوں نے کہاکہ امریکا کو بھی چاہئے کہ وہ ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایران مخالف پابندیوں کے قانون ڈی آماٹو یا آئی ایس اے پر عمل درآمد کو روکے -

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ صالحی نے صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ امریکی کانگریس کے اقدام کے جواب میں ایران بھی مناسب اقدام کرنے کے لئے تیار ہے -

امریکا کے وزیرتوانائی ارنیسٹ مونیز نے بھی کہا کہ وہ ایران کے اعتراض سے امریکی صدر کو باخبر کردیں گے- ان  کا دعوی تھا کہ امریکا ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کا پابند ہے اور امریکی صدر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس بل میں ان  شقوں پر عمل درآمد کو روک دیں گے جو ایٹمی معاہدے سے متعلق ہیں -

 

ٹیگس