Feb ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • علاقے کی سیکورٹی اور استحکام کی برقراری میں ایران کا کردار اہم : ہنگری کے وزیراعظم

ہنگری کے وزیراعظم ویکٹر اربن نے کہا ہے کہ علاقے میں امن و استحکام کی برقرای میں ایران کا کردار انتہائی اہم ہے

ہنگری کے وزیراعظم ویکٹراربن نے بوڈاپیسٹ میں ایران کے وزیرخزانہ علی طیب نیا سے ملاقات میں مختلف اقتصادی اور توانائی کے میدانوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کی توسیع کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سیکورٹی اور استحکام میں ایران کا کردار بہت ہی اہم ہے - ویکٹراربن اورعلی طیب نیا نے اپنی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان بینکینگ کے تعلقات کی برقرای اور اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی زوردیا - ہنگری کے وزیراعظم اور ایران کے وزیرخزانہ نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے لئے بینکینگ کریڈٹ لائن کی تخصیص اوراشیاء و مصنوعات کی درآمدات و برآمدات کے شعبے میں قانون میں نرمی سے اسلامی جمہوریہ ایران اور ہنگری کے درمیان تجارتی معاملات میں اضافہ ہوگا - اس ملاقات میں جس میں ہنگری کے وزیرخارجہ اور تجارت پیٹر سیارٹو بھی موجود تھے- فریقین نے دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے کامیاب اجلاس اور تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے حق میں ان سمجھوتوں پر جلد سے جلد عمل درآمد شروع کیا جائے - ایران کے وزیرخزانہ علی طیب نیا ایران اور ہنگری کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے پہلے اجلاس میں شرکت اور ہنگری کے اعلی حکام سے ملاقات کے لئے بوڈا پیسٹ گئے ہیں - مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے دوران دونوں ملکوں  نے سیاحت ، کھیل ، ٹرانسپورٹ ، شہری خد مات اور ثقافتی ورثے کے شعبوں میں تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں -

 

ٹیگس