Feb ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام کا امریکی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب

ایران کے اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کی ریلیوں میں شریک کروڑوں ایرانیوں نے مردہ باد امریکہ اور مردہ ٹرمپ کے نعرے لگا کر امریکی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔

ایران کے عوام نے ایک بار پھر اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ملک گیر ریلیوں میں، امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا کر، اپنی شوکت اور بصیرت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔

دارالحکومت تہران کی ریلی میں شریک نوجوانوں نے مردہ بادہ ٹرمپ اور ایرانی عوام دھمکیوں سے نہیں ڈرتے جیسے نعرے لگا کر اس بات کا اعلان کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں ایران کی دفاعی اور فوجی طاقت پر ہرگز اثر انداز نہیں ہوسکتیں۔

 انقلابی عوام کے سیلاب میں جس میں صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، اور دیگر اعلی سول اور فوجی حکام بھی شریک تھے، تہران کے لوگوں نے، امریکہ  ایران کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور ہم امریکہ کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں، جیسے  نعروں کے حامل پلے کارڈ اٹھا کر امریکی صدر کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا۔
تہران کے عوام کے ساتھ ہی، ایران کے دیگر شہروں میں بھی اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کے موقع پر بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔
جنوب مشرقی ایران کے صوبے سیستان وبلوچستان کے شیعہ اور سنی عوام نے اپنے اتحاد و یکجہتی کا  شاندار مظاہرہ کیا اوراسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں بھرپور طریقے سے شرکت کرکے ، سامراجی طاقتوں کے خلاف، مظلوموں کی حمایت نیز رہبر انقلاب اسلامی، اسلامی انقلاب اور اسلامی حکومت کے حق میں نعرے لگائے۔
 شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد مقدس میں نکالی جانے والی ریلیوں میں شریک لوگوں نے امریکی  حکام پر واضح کیا کہ ، ایران کے عوام پچھلے چار عشروں کی مانند امریکہ کی تسلط پسندی کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور واشنگٹن پر ہرگز اعتماد نہیں کرتے۔
 شمال مغربی ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کے عوام نے بھی اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کی ریلیوں میں بھرپور طریقے سے شرکت کی اور اپنے اتحاد، انقلابی جذبے، سامراج کی مخالفت ، حق پسندی ، بصیرت ، بیداری اور دشمن شناسی کا شاندار نمونہ پیش کیا۔
 مغربی ایران  کے صوبہ کردستان کے عوام نے بھی، مردہ بادہ امریکہ اور مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں شرکت کی اور اسلامی انقلاب کے راستے پر گامزن رہنے اور رہبر انقلاب اسلامی کی پیروی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
جنوب مغربی ایران کے صوبے خوزستان کے عوام بھی ہمیشہ کی طرح اللہ اکبر، مردہ باد امریکہ، مردہ بادہ اسرائیل اور رہبر کے فرمان پر جان بھی قربان ہے جیسے نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر آئے اور انہوں نے امام خمینی رح کی امنگوں اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ تجدید عہد اعلان کیا۔
 جنوب مغربی ایران کے صوبوں مغربی آذربائیجان، ہمدان، زنجان، اردبیل، یزد، اصفہان، قزوین، جنوبی خراسان، سمنان، مازندران، ایلام اور ہرمزگان میں بھی اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کے موقع پر بڑی بڑی عوامی ریلیاں نکالی گئیں اور لوگوں نے امریکہ مردہ باد  اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے۔

 

ٹیگس