Mar ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • عالمی اداروں کا اعتبار ختم ہوگیا ہے : امام جمعہ

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی اداروں کی خاموشی سے خود ان اداروں کا اعتبار ختم ہوگیا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں منجملہ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور یمن میں سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت پر عالمی اداروں کی خاموشی سے انسانی حقوق کے دفاع کے تعلق سے ان اداروں کا اعتبار ختم ہوگیا ہے۔

آیت اللہ موحدی کرمانی نے نمازجمعہ کے خطبوں میں ایران کے خلاف سعودی وزیرخارجہ کے گھٹیا بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر علاقے میں دہشت گردی کی حمایت کا الزام ایک ایسے وقت لگایا جا رہا ہے جب آل سعود نے یمن کے مظلوم عوام پر پچھلے دو برس سے جارحیت کا ارتکاب کرکے یمنی بچوں اور خواتین کا بے دردی کے ساتھ قتل عام کیا ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے سعودی حکام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ ظلم وستم اور جارحیت کا سلسلہ جاری رکھ کر اپنی حکومت کو نابودی کی سمت لے جا رہے ہو۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق مظلوموں کی حمایت کرنا اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے انسانی حقوق کے بارے میں  بعض مغربی اور عرب ملکوں کے دعوؤں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک جو خود سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہیں وہ اب خود کو دنیا میں انسانی حقوق کا مدافع کہتے ہیں۔

ٹیگس