Mar ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران میں نئے ہجری شمسی سال کا آغاز

لاکھوں ایرانیوں نے نئے ہجری شمسی سال کا آغاز مشہدالمقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا(ع) اور قم المقدسہ میں آپ(ع) کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ کے حرم مطہر میں کیا۔

نئے ہجری شمسی سال اور جشن نوروز کی خصوصی رسومات پیر کی صبح مشہدالمقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا(ع) اور قم المقدسہ میں آپ(ع) کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ کے حرم مطہر میں تلاوت قرآن مجید اور دعائے توسل پڑھے جانے سے شروع ہوئیں۔ایران کے ان دونوں مقدس شہروں میں حرم مطہر کے تمام صحن و رواق اور اطراف کی سڑکیں ان لاکھوں  ایرانیوں اور زائرین سے بھری رہیں جو نئے ہجری شمسی سال کے آغاز کے موقع پر دور دراز کے علاقوں سے مشہدالمقدس اور قم المقدسہ پہنچے ہیں اور  ان مقدس مقامات پر نئے سال کا آغاز کرنے کی آرزو رکھتے ہیں -نئے ہجری شمسی سال کے موقع پر  قم میں مسجد جمکران، شہر شیراز حضرت امام علی رضا (ع) کے برادر گرامی حضرت احمد بن موسی شاہ چراغ کے حرم مطہر اور تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران بانی امام خمینی رح کے مزار اقدس اور اسی طرح دیگر مقدس مقامات منجملہ شہدا کے قبرستانوں میں جنھیں گلزار شہدا کہا جاتا ہے، ایرانی شہری جمع ہوئے اور انھوں نے ان مقامات پر نئے سال کا آغاز کیا اور دعائیں کیں۔