Mar ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران پائیدار سلامتی کا حامل ملک ہے، وزیر انٹیلی جینس

ایران کے وزیر انٹیلی جینس نے کہا ہے کہ ملک کے سیکورٹی اداروں کی چوکسی کے باعث دہشت گرد عناصر کسی کاروائی میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

 ایران کے وزیر انٹیلی جینس سید محمود علوی نے جزیرہ کیش میں کروز بحر پیما جہاز کی آمد کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کا وہ واحد ملک ہے کہ خدا کے فضل و کرم سے جہاں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود لاتعداد دشمن ایران کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن خدا کے فضل و کرم اور حضرت امام زمانہ علیہ السلام کے سائے میں تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
سید محمود علوی نے رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی نئے ایرانی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے خطاب میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران ایران کی سیکورٹی انتہائی پائیدار رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سانی کے نام سے موسوم ایک بحر پیما کروز بحری جہاز اڑتیس برس میں پہلی بار بدھ کی شب ایران کے جزیرہ کیش میں لنگر انداز ہو گیا۔ سات منزلہ اس بحری جہاز میں ایک سو تیس کمرے اور چار سو سترہ بیڈ ہیں، جبکہ بہترین سیاحتی اور تفریحی سہولیتں موجود ہیں۔