Mar ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران کے عوام کبھی بھی دباؤ کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے : امام جمعہ

تہران کے خطیب نماز جمعہ نے آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے آئندہ انیس مئی کو ایران میں ہونے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت ایران کے اسلامی انقلاب کے تشخص کو اور زیادہ مستحکم بنائے گی-

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے اس ہفتے نمازجمعہ کے خطبوں میں نئے ہجری شمسی سال کی آمد کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے آنے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کا ذکر کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوری نظام میں انتخابات کو ہمیشہ ایک بنیادی رکن کی حیثیت حاصل رہی ہے کیونکہ اسلامی جمہوری نظام کی اساس، جمہوریت اور عوامی ارادے کی مظہر ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے مختلف اقتصادی اور ثقافتی میدانوں میں ایرانی عوام کے دشمنوں کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی کوشش ہے کہ وہ ثقافتی یلغار، اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کے ذریعے عوام کو اسلامی نظام سے مایوس کریں لیکن ایران کے انقلابی عوام ہمیشہ اسلامی انقلاب کی اقدار کے پابند رہے ہیں-

انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام کبھی بھی دباؤ کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور اسلامی جمہوریہ ایران،  تمام میدانوں میں اپنے اتحاد کو مستحکم کر کے ترقی و پیشرفت کا راستہ جاری رکھے گا-

ٹیگس