Mar ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • صوبہ کردستان میں بڑے پروجیکٹوں کاافتتاح

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ کردستان میں پٹروکیمیکل اور بارز نامی موٹرگاڑیوں کے ٹائر بنانے والے کارخانوں کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق کردستان کے پٹروکیمکل کارخانے کا صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، وزیرپٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ اور صوبائی حکام کی موجودگی میں باقاعدہ افتتاح ہوگیا۔

کردستان پٹروکیمیکل کارخانہ سالانہ تین لاکھ ٹن ہلکی پولی ایتھلین تیارکرنے کی توانائی رکھتاہے۔ یہ پٹروکیمیکل کارخانہ ایک سو انتیس ہیکٹر زمین پر بنایا گیا ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ کردستان کے اپنے دورے میں ہفتے کی صبح دہگلان شہر میں بارز ٹائر کارخانے کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے مذکورہ کارخانے کا افتتاح  کرنے کے ساتھ ہی اس کارخانے کی پروڈکشن لائن اور مختلف شعبوں کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیرصنعت و معدن و تجارت محمد رضا نعمت زادہ نے اس کارخانے کے بارے میں تفصیلی رپورٹ بھی صدر کو پیش کی۔

بارز ٹائر کارخانے پر چورانوے ملین یورو یا چھے سو ارب تومان کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

اس کارخانے میں نوسو ساٹھ افراد براہ راست روزگار سے منسلک ہوگئے ہیں جبکہ دس ہزار لوگوں کو بالواسطہ پر روزگار فراہم ہو گا۔ اس کارخانے میں سالانہ چھے سو ملین ٹائر تیار کئے جائیں گے۔

صدر مملکت نے صوبہ کردستان کے صدرمقام سنندج کے ہوائی اڈے پر اترنے کے  بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران اپنے دورہ کردستان پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ایک روزہ دورے میں وہ اکیس اہم پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔