Mar ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے ویانا دفتر میں نوروز کا عالمی جشن

ویانا میں اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں ایران کے نمائندہ دفتر کی جانب سے نوروز کے عالمی جشن کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ملکوں کے سفیروں اور نمائندوں نے شرکت کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان، آذربائیجان، ہندوستان، عراق، قزاقستان، قرقیزستان، پاکستان، تاجیکستان، ترکمنستان، ازبکستان اور ترکی نے اس سال کے نورروز کے عالمی جشن میں شرکت کی۔

ویانا میں ایران کے نمائندہ دفتر کی جانب سے ہونے والے اس عالمی جشن میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب رضا نجفی نے اپنے خطاب میں جشن نوروز میں شریک ملکوں کی نمائندگی میں نوروز کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے حیات تازہ ، خوبصورتی اور قوموں کے درمیان اتحاد و صلح اور دوستی کی علامت کے طور پر نوروز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ایران کے مستقل مندوب نے نوروز کو نیچرکا انتہائی خوبصورت جشن قراردیتے ہوئے کہا کہ نوروز اعتدال ، صلح اور نور و زندگی کی علامت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مختلف قومیں نوروز سے الہام لے کر اور اس کی برکتوں سے فائدہ اٹھاکر عالمی سطح پر امن و صلح کی برقراری کی کوششیں کریں گی۔

اس تقریب میں ویانا میں اقوا متحدہ کے دفتر کے سربراہ یوری قدوتوف نے قوموں کے درمیان امن ودوستی کو رواج دینے کے تعلق سے اس تاریخی تہوار کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے اس دن کو نوروز کا عالمی دن قراردیا ہے۔

واضح رہے کہ نوروز کا جشن دنیا کے  بارہ ملکوں میں باضابطہ طور پر منایا جاتا ہے جبکہ ایران سمیت نو ملکوں میں اکیس مارچ کو عام تعطیل بھی رہتی۔