Mar ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران نے پندرہ امریکی کمپنیوں پر پابندی لگا دی

نئی امریکی پابندیوں کے جواب میں ایران نے پندرہ امریکی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پندرہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ ہر قسم کا لین دین ممنوع ہے اور ایران کے اختیار میں ہونے کی صورت میں ان کے اثاثے ضبط کر لیے جائیں گے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کے تحت، ایرانی اور غیر ایرانی کمپینوں کے خلاف امریکہ کی بیرونی پابندیوں کی مذمت اور ان پابندیوں کو عالمی قوانین نیز جامع ایٹمی معاہدے کی ماہیت کے منافی سمجھتا ہے۔
وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ایک بار پھر تہران کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا گیا ہے کہ بیرونی جارحیت کے مقابلے میں ملکی دفاع کے جائز حق اور خطرات کے پیشگی تدارک کی غرض سے، میزائل طاقت میں اضافے سمیت دفاعی صلاحیتوں میں توسیع اور تقویت، ٹھوس اور ناقابل انکار امر ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، قومی اقتدار اعلی اور اپنی ارضی سالمیت کے تحفظ نیز عوام کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد بندی کا قائل نہیں ہے۔
بیان کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ، انسانی حقوق کے عالمی ضابطوں اور قومی سلامتی کونسل کی سفارشات کی بنیاد پر ایسی پندرہ امریکی کمپنیوں کو اکیس مارچ دو ہزار سترہ سے پابندیوں کی فہرست میں شامل کر رہی ہے جن کی جانب سے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پوری طرح کھل کر سامنے آچکی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں براہ راست اور بالواسطہ طور پر مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات میں شریک ہیں یا تعاون  کررہی ہیں یا صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات کی حمایت کرتی ہیں اور سلامتی کونسل کی قرارداد تئیس چونتیس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی توسیع میں حصہ لے رہی رہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق مذکورہ کمپینیوں اور اداروں کے ساتھ ہر قسم کا لین دین ممنوع ہے اور ایران کے دائرہ اختیار میں آنے والے ان کے اثاثے منجمد کر دیئے جائیں گے۔ جبکہ  کمپنی کے عہدیداروں اور ان سے کسی بھی قسم کا رابطہ رکھنے والے لوگوں کو ایران کا ویزہ جاری کرنے سے گریز کیا جائے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ، امریکہ کی کمپنیوں، اداروں، نیز سرکاری اور نجی شخصیات کی کار کردگی کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات، دہشت گردی کی حمایت اور خطے کے عوام کی سرکوبی اور عدم استحکام پیدا کرنے میں ان کے کردار کو سامنے رکھتے ہوئے مزید کمپنیوں اور سرکاری و نجی عہدیداروں کے نام بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے جن پندرہ امریکی کمپنیوں پر پابندی عائد کی ہے ان میں مشہور اسلحہ ساز کمپنی ریتھیون، بینی ٹیل، یونائیٹڈ ٹیکنالوجیز، ری میکس ریئیل اسٹیٹ اور بہت سی دوسری کمپنیاں شامل ہیں۔
پابندیوں میں شامل امریکی کمپنیوں کی مکمل فہرست اس طرح سے ہے۔
1. BENI Tal
2. RAYRHEON
3. United Technologies produces
4. ITT Corporation
5. Re/Max Real Estate
6. Oshkosh Corporation
7. Magnum Research Inc
8. Kahr Arms
9. M7 Aerospace
10. Military Armament Corporation
11. Lewis Machine and Tool Company
12. Daniel Defense
13. Bushmaster Firearms International
14. O.F. Mossberg & Sons
15. H-S Precision, Inc

ٹیگس