Mar ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • علاقے میں دہشت گردی کی جڑیں سعودی عرب سے ملتی ہیں، بہرام قاسمی

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کی بنیاد سعودی عرب میں پائے جانے والے انتہا پسندانہ افکار و نظریات ہیں جو اس وقت علاقائی و عالمی رائے عامہ کے لئے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے منگل کے روز ایک بیان میں یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے سعودی اتحاد کے ترجمان احمد العسیری کے ایران مخالف بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ علاقے میں حقیقی خطرہ، تکفیری دہشت گردی  اور علاقائی و عالمی سطح پر اس کی  حمایت کرنے والے ممالک ہیں جنھوں نے دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے علاقے میں استحکام کے لئے ایران کی ہمہ جہت کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ کے بل بوتے پر سعودی عرب کی غیر منطقی پالیسیاں علاقے کا استحکام متاثر ہونے کا باعث بنی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ علاقے میں اغیار کی مداخلت سے تشدد و بدامنی اور عدم استحکام نیز دہشت گردی کے پنپنے کے سوا اور کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے سعودی اتحاد کے ترجمان احمد العسیری نے ایران کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد نیز من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے یمن میں بقول ان کے ایران کی مداخلت کا مقابلہ کرنے کے لئے سعودی عرب کی حمایت کرنے کی بنا پر حکومت امریکہ کی قدردانی کی ہے۔