Apr ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے پیرس حملے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے پیرس کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے شانزہ لیزہ روڈ پر ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے فرانس کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا-

بہرام قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض اوقات قاتل دہشت گردوں کے حمایتی اقدامات نے جو دہشت گردی کے سلسلے میں مغرب کے دوہرے رویے کی عکاسی کرتے ہیں، دہشت گردوں کو یورپ میں دیگر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے سلسلے میں مزید جسور بنا دیا ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک بار پھر تاکید کرتا ہے کہ دہشت گرد، عالمی امن و ثبات کے لئے اولین اور فوری خطرہ ہے جو عالمی برادری کے درمیان مشترکہ فہم و فراست، عزم راسخ اور صداقت کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی-

پیرس میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی میں ایک پولیس افسر ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں-

فرانس کو دو ہزار پندرہ سے دہشت گردانہ حملوں کا سامنا ہے-

تیرہ نومبر دو ہزار پندرہ کو پیرس میں اور چار جولائی دو ہزار سولہ کو شہر نیس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں دو سو دس سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے-

ان حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی-