Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • پورے علاقے میں بدامنی کی لہر کے باوجود ایران میں قابل تعریف امن و استحکام

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ علاقے میں شدید بدامنی کے باوجود ایران میں امن و امان قائم ہے۔

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے تہران میں پاکستان سے ملحق سرحدی علاقے میرجاوہ میں شہید ہونے والے بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران میں موجود امن و استحکام، ان ہی شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جو سرحدوں پر پائدار امن کے لئے اپنی جان کی بازی لگاتے ہیں-

جنرل محمد پاکپور نے مزید کہا کہ شہداء نے اسلام، اسلامی انقلاب، ولایت و حریم اہلبیت کی حفاظت کے لئے دنیا کی چمک دمک اور تمام نعمتوں سے آنکھیں پھیر لیں-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس وقت عالمی سامراج اور علاقے کی رجعت پسند طاقتیں، ایران میں بدامنی پیدا کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں اور وہ پورا زور لگائے ہوئے ہیں تاہم مجاہدین کی جانفشانیوں اور ایثار و قربانی سے دشمنوں کی سازشیں ناکام ہو جائیں گی-

واضح رہے کہ چھبیس اپریل کو پاکستان سے ملحق ایران کے سرحدی صوبے سیستان و بلوچستان کے میرجاوہ علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ  جیش العدل نامی جیش الظلم گروہ نے ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں پر تاک لگا کر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دس جوان شہید ہو گئے-