May ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیار علاقے اور دنیا کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، ایران

آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ صیہونی حکومت ہے

ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب رضانجفی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت  امریکا کی بے پناہ حمایت کی بدولت مشرق وسطی کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کئے جانے کے منصوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے- ایرانی مندوب رضا نجفی نے ویانا میں این پی ٹی پر نظرثانی کی کانفرنس کی ابتدائی  کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کیا جائے - انہوں نے کہا کہ خاص طور پر مشرق وسطی اور دنیا  کی سلامتی کو صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں سے سنگین خطرہ لاحق ہے - ایرانی مندوب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور این پی ٹی پر نظرثانی کی کانفرنسوں کی متعدد قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی ہٹ دھرمی اور اس حکومت کے لئے امریکا کی حمایت کی وجہ سے مشرق وسطی کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کئے جانے سے متعلق قراردادوں پر عمل نہیں ہوسکا ہے - انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کو اگر ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنا ہے تو عالمی برادری کو صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنا ہوگا کہ وہ غیر مشروط طور پر این پی ٹی میں شامل ہوجائے-

 

ٹیگس