May ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
  • منجی عالم بشریت کا جشن ولادت باسعادت

منجی عالم بشریت قائم آل محمد حضرت امام مہدی عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت باسعادت کا جشن ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی پرشکوہ انداز میں منایا جارہاہے

منجی عالم بشریت حضرت امام مہدی موعود عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و نور و سرور ہے - مشہد مقدس، قم المقدسہ ، تہران اور ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے ہمارے نمائندوں نے خبردی ہے کہ پورا ایران جشن میں ڈوبا ہوا ہے ہر طرف محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے - منتظران ظہور امام مہدی نے جنھوں نے ماہ شعبان کے آغاز سے ہی مذہبی مقامات، مساجد، امامبارگاہوں اور نجی اور سرکاری عمارتوں کو سجا رکھا تھا امام زمانہ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ان سجاوٹوں میں مزید چار چاندلگادیا ہے اور ہر طرف چراغانی کرکے وہ اپنے امام کے ظہور کے منتظر ہیں - اس پر مسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جگہ جگہ شربت، چائے، میٹھائيوں اور نذر و نیاز کی اسٹالیں لگائی گئی ہيں - امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے جشن ولادت میں شرکت کرنے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں زائرین مشہد مقدس پہنچے ہوئے ہيں جہاں وہ آٹھویں امام کو بارہویں امام کی آمد کی مبارکبادپیش کررہےہيں- مشہد مقدس میں امام رضاعلیہ السلام کے حرم مطہر میں شاندار محفل میلاد کا اہتمام کیاگیا ہے جہاں علما اور ذاکرین کرام فلسفہ غیبت اور فضیلت انتظار پر روشنی ڈال رہے ہیں جبکہ شعرا کرام امام عصر کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہيں- قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں بھی عاشقان اہلبیت اور منتظران مہدی کی بہت بڑی تعداد پندرہ شعبان کےجشن میں شریک ہے - قم میں ہی واقع مسجد جمکران میں امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے شیدائيوں کا جم غفیر ہے جو مخصوص اعمال بجالاکر امام کے ظہور میں تعجیل کی دعا کررہا ہے  جمعرات اور  جمعے کی درمیانی شب بھی لاکھوں عاشقان مہدی نے مسجد جمکران میں اعمال شب پندرہ شعبان انجام دئے اور امام کے ظہور میں تعجیل کی دعا کی - پاکستان اور ہندوستان میں بھی امام مہدی علیہ السلام کا جشن ولادت بہت ہی جوش وعقیدت کے ساتھ منایا جارہاہے - پاکستان اور ہندوستان میں امام عصر کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محفلوں کا سلسلہ جاری ہے - کربلائے معلی میں عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں سے پہنچنےوالے لاکھوں زائرین امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولادت کا جشن منارہے ہيں - عاشقان رسول و آل رسول امام عالیمقام اور حضرت ابوالفضل العباس علیھماالسلام کے حرم میں جاری محفلوں میں شریک ہيں - اس موقع پر کربلائے معلی میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئےگئےہيں - نجف اشرف، کاظمین  شریفین اور خاص طور پر سامرا میں جہاں امام مہدی عج اللہ تعالی فرجہ الشریف اس دنیا میں تشریف لائے تھے جشن کا ایک خاص سماں ہے اور سامرا کا روضہ اس وقت مرجع خلائق بنا ہوا ہے -

ٹیگس