May ۱۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۲ Asia/Tehran
  • انتخابات پوری طرح پرامن ماحول میں انجام پا رہے ہیں، وزیر داخلہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات انتہائی پرامن ماحول میں انجام پا رہے ہیں۔

ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے تہران میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کی مدّت میں توسیع کے گئے وقت کے خاتمے کے بعد بیلٹ باکسوں کو کھولا جائے گا اور ووٹوں کی گنتی شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی پہلے کی جائے گی-

وزیر داخلہ نے کہا کہ شورائے نگہبان ہی ایران میں انتخابی عمل کے شفاف ہونے کی تصدیق کرنے کا ذمہ دار ادارہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے صدارتی الیکشن کے نتائج کا شورائے نگہبان یا آئین کی نگراں کونسل کی تصدیق کے بعد اعلان کیا جائے گا-

انتخابات کی نگرانی کرنے والے مرکزی کمیشن کے ترجمان عباس علی کد خدائی نے بھی نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بھی ووٹنگ کے دوران کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور ان کا کمیشن، بیرون ملک ہونے والی ووٹنگ پر نظر رکھے ہوئے ہے-

انہوں نے کہا کہ دوسرے ملکوں میں مقیم ایرانیوں نے بھی صدارتی الیکشن کی ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا-      

ٹیگس