May ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • ایرانی اور فرانسیسی صدورکی ٹیلی فونک گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے نومنتخب سربراہان مملکت نے ایک ٹیلی فونک رابطے میں جوہری معاہدے کے نفاذ اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹرحسن روحانی نے پیرکی شام اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے سے خطے میں اچھی فضا قائم ہوگی.

انہوں نے کہا کہ ایران، جوہری معاہدے پر قائم ہے لہذا مغربی فریق بھی اپنے وعدوں پرعمل کرے.

صدر روحانی نے ایران اور فرانس کے درمیان بینکاری، مالیاتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی راہ میں موجود رکاوٹوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا.

ایران کے منتخب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں مشترکہ تعاون کے ذریعے خطے میں قیام امن و استحکام کو مضبوط بنانا ہوگا.

اس موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ڈاکٹر حسن روحانی کو دوسری مرتبہ اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا.

فرانس کے صدر نے مشرق وسطی کے مسائل، دہشتگردی کے خلاف جنگ بالخصوص شام کے بحران کے حل کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اہم کردار پر زور دیا.

 

ٹیگس