May ۲۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۹ Asia/Tehran
  • مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں پرتاکید

اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے سربراہان مملکت نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات میں نئے باب کے آغاز کے لئے مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں کو عروج پر لے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان کی جانب سے ٹیلی فونک رابطے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے گئے مگر اب باہمی تجارتی حجم کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

صدر روحانی نے ایران اور ترکی کے درمیان بینکاری تعلقات کی توسیع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینکاری سرگرمیوں کی بحالی سے تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔

ایران اور ترکی کے درمیان علاقائی تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور سہ فریقی تعاون بالخصوص آستانہ عمل کے ذریعے خطے میں قیام امن و استحکام کے لئے مدد ملے گی   ۔

ترک صدر نے ایران کے صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر روحانی کی دوسری مرتبہ کامیابی پر ان کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ ترکی، ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہران اور انقرہ کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں اور ترکی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے علاقائی مسائل کے حل کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ موجودہ دوطرفہ اور سہ فریقی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران، ترکی اور روس خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دیرپا قیام کے لئے مؤثر تعاون کرسکتے ہیں۔

ٹیگس