May ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران اور انڈونیشیا کے درمیان سیکورٹی تعاون پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کی پولیس، تمام میدانوں خاص طور پر منظم جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے سبھی ملکوں منجملہ اسلامی ممالک کو اپنے تجربات منتقل کرنے کے لئے تیار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ پولیس کے سربراہ حسین اشتری نے جمعرات کو تہران میں انڈونیشیا کے محکمہ پولیس کے سربراہ جنرل ٹیٹو کارناویان سے ملاقات میں کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض ممالک، دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کو تشکیل دے کر اسلام کا چہرہ مسخ کرکے پیش کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں-

جنرل حسین اشتری نے کہا کہ سامراجی طاقتیں ہمیشہ اسلام کے رحمانی چہرے کو بگاڑنے میں لگی رہی ہیں اسی لئے پولیس کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائے-

انہوں کہا کہ ایران کی پولیس اپنے تجربات سبھی اسلامی ملکوں منجملہ انڈونیشا کو منتقل کرنے کے لئے تیار ہے- 

ان کا کہنا تھا کہ ایران انسداد منشیات، دہشت گردی اور سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے تجربات، دوست اور اسلامی ملک انڈونیشا کو منتقل کرنے کے لئے آمادہ ہے-

انڈونیشیا کی پولیس کے سربراہ نے بھی اس ملاقات میں دو طرفہ تجربات کے تبادلے اور تعاون کو فروغ دینے میں ایران کی پولیس کی نیک نیتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک اسلامی ملک کی حیثیت سے انڈونیشیا کی سیکورٹی کی تقویت کے لئے اہم کردار کا حامل ہے اور اس نے انڈونیشیا کی مدد کرنے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے-

 

ٹیگس